کورونا سے نمٹنے میں کسی کیساتھ کوئی امتیاز نہیں:مانڈویہ

   

نئی دہلی: صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر من سکھ مانڈویہ نے منگل کو ایوان بالا راجیہ سبھا میں کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا گیا ہے اور وقت پر فوری مدد فراہم کی گئی ہے۔ ایوان میں ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مانڈویہ نے کہا کہ پوری دنیا نے کورونا وبا سے نمٹنے میں ہندوستان کا لوہا تسلیم کیا ہے ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے سروے کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے اور حکومت سے اس کے بارے میں جاننا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مینجمنٹ نے پوری دنیا میں ہندوستان کی تصویر بدل دی ہے اور ہندوستان نے دنیا میں صحت کی خدمات کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے میں کسی بھی ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا ہے۔