کورونا سے نمٹنے ٹرمپ کے طریقہ کار پر اوباما کی سخت تنقید

,

   

واشنگٹن 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق امریکی صدر بارک اوباما نے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے طریقہ کار پر سخت تنقید کی ہے ۔ اوباما نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا طریقہ کار انتہائی تباہ کن اور نراج والا ہے ۔ اوباما نے اپنے انتظامیہ کے سابقہ ارکان سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے محکمہ انصاف کی جانب سے ٹرمپ کے پہلے قومی سلامتی مشیر مائیکل فلین کے خلاف ان ( اوباما ) کے مقدمہ کو برخواست کردئے جانے پر بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں تشویش ہے کہ اب قانون کی بالادستی کی بنیادی سمجھ بھی خطرہ میں پڑگئی ہے ۔ اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تباہ کن نتائج کی وجہ بن رہا ہے ۔ امریکہ میں اب تک 13 لاکھ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوگئے ہیں اور 78,400 افراد اب تک فوت ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی کئی ریاستوں میں صورتحال اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ اوباما نے اوباما الومونی اسوسی ایشن کے 3000 ارکان کے ساتھ ایک اجلاس میں اپنے سابقہ نائب صدر جو بیڈن کی تائید کرنے کی اپنے حامیوں سے خواہش کی ۔ جو بیڈن صدر ٹرمپ کے خلاف صدارتی انتخاب میں مقابلہ کرنے والے ہیں۔ اوباما نے کہا کہ ان کی لڑائی نامناسب انتظامیہ کے خلاف ہے ۔ یہ لڑائی خود غرضی ‘ تقسیم پسندانہ پالیسیوں کے خلاف ہے ۔ یہ لڑائی دوسروں کو دشمن کی نظر سے دیکھنے کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی معاشرہ میں خود کے اقتدار اور طاقت کیلئے دوسروں کو دشمن کی نظر سے دیکھنے کی روایت کو عام کیا جا رہا ہے جو مناسب نہیں ہے ۔ اوباما نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کا جو طریقہ اختیار کیا گیا ہے اس کے نتیجہ میں امریکہ کو زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ تاہم ٹرمپ نے ہمیشہ اپنے طریقہ کار کی مدافعت کی ہے اور کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بچایا جاسکا ہے ۔ انہوں نے اپنے اقدامات کی بھی مدافعت کی ہے ۔