حیدرآباد 2 مئی ( سیاست نیو ز) وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے لاک ڈاون میں ریاست کے عوام کا ہر ممکن خیال رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت کے خلاف اپوزیشن کے الزامات کو مستردکردیا اور کہا کہ حکومت ریاستی عوام کے تحفظ اور سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ اپوزیشن جماعتیں ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ حکومت ریاست میں کورونا کے درکار تعداد میں معائنے نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حکومت پر عائد کئے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا اصل مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی کاوشوں اور اقدامات کی کسی اور نہ نہیں بلکہ خود مرکزی حکومت کے عہدیداروں نے ستائش کی ہے اور کہا کہ ریاستی حکومت مرکز کے رہنما خطوط اور ہدایات پر عمل آوری کر رہی ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مرکزی عہدیداروں نے ریاست کے دواخانوں کا بھی دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا ہے اور انہوں نے اس بات پر طمانیت کا اظہار کیا کہ ریاستی حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے بہترین اقدامات کر رہی ہے اور موثر طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے ۔