گاندھی بھون میں تقریب، اتم کمار ریڈی نے کنٹرول روم کی کارکردگی کی ستائش کی
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی مہم میں تعاون کے طور پر اضلاع کے لئے سیناٹائزرس کی سربراہی کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے آج جڑچرلہ اسمبلی حلقہ کے لئے 1.5 لاکھ سیناٹائزرس کی بوتلوں کو روانہ کیا۔ ان بوتلوں کا عطیہ کانگریس کے قائد انیرودھ ریڈی نے دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس امدادی سرگرمیوں سے متعلق کنٹرول روم کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کنٹرول روم کو ملنے والی شکایات کی سماعت کی ۔ انہوں نے پا رٹی قائدین سے کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لئے فوری قدم اٹھائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوام کی خدمت کانگریس اپنا بنیادی فریضہ تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر دیش کانگریس کے کوآرڈینیٹر انیرودھ ریڈی نے اپنے ذاتی خرچ سے سیناٹائزرس کا انتظام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کانگریس اپوزیشن کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ حکومت کو وقتاً فوقتاً تعمیری تجاویز پیش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کو مذہبی رنگ دینا مناسب نہیں ہے ۔ کسی ایک مذہب کو وائرس کے لئے ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 87 لاکھ غریب خاندانوں میں صرف 22 لاکھ خاندانوں کو چاول تقسیم کیا گیا ۔ 1500 روپئے کی تقسیم کا عمل شروع نہیں ہوا ہے۔ حکومت نے تین لاکھ غیر مقامی ورکرس کو اناج اور 500 روپئے دینے کا اعلان کیا لیکن ابھی تک 10 فیصد مزدوروں کو اناج نہیں ملا ۔ کانگریس قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ہر ممکن مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے تقسیم کیئے جانے والا چاول ابھی تک تلنگانہ نہیں پہنچا۔ اتم کمار ریڈی نے ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم کرنے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی۔