کانگریس کا مطالبہ، عوامی زندگی کے تحفظ کی اہمیت
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی سرگرمیوں کو وقتی طور پر موقوف کرتے ہوئے کورونا پر قابو پانے پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ عوامی زندگی کا تحفظ ہوسکے۔ پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کو بعد میں بحال کیا جاسکتا ہے لیکن عوامی زندگی کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف محکمہ جات صحت ، پولیس اور بلدیہ کی مساعی سے کورونا پر کنٹرول ممکن نہیں ہے۔ حکومت کے سارے نظم و نسق کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے متحدہ طورپر کام کرنا ہوگا۔ حالیہ عرصہ میں کورونا سے نمٹنے کے دوران سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار و ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ اور دیگر ریاستی وزراء کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت کو عوامی زندگی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ نرنجن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ درکار فنڈس کورونا سے بچاؤ پر خرچ کرے۔ وزراء کے دوروں کو منسوخ کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کے افتتاح روک دیئے جائیں۔ ہر وزیر کو گورنمنٹ اور خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی نگرانی کی ذمہ داری دی جائے۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کو ہاسپٹلس میں متعین کرتے ہوئے عوام میں اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ کورونا پر کنٹرول کی ذمہ داری کے ٹی آر کو تفویض کریں تاکہ ہاسپٹلس میں بہتر علاج کے ساتھ ساتھ عوامی زندگی کا تحفظ ہوسکے۔