بستروںکی عدم فراہمی پر خانگی ہاسپٹلس کو وارننگ، طبی عملہ کی تنخواہوں میں اضافہ، ڈاکٹرس کے تقررات، کورونا سے عوام خوفزدہ نہ ہوں
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا مرض سے ہرگز نہ گھبرائیں کیونکہ ریاستی حکومت وائرس پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ حکومت نے کورونا کے علاج کے لئے سرکاری دواخانوں میں تمام ضروری آلات کا انتظام کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں کورونا کی صورتحال پر آج اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کورونا کے ہنگامی فنڈ کے طورپر 100 کروڑ روپئے کی منظوری دی ۔ یہ رقم محکمہ صحت کو بجٹ میں دی جانے والی رقم کے علاوہ ہوگی۔ یہ رقم وزیر صحت ای راجندر اور چیف سکریٹری سومیش کمار کے تحت ہوگی تاکہ کورونا سے نمٹنے کیلئے کسی ہنگامی خریداری پر استعمال کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کورونا کے علاج کے لئے زائد رقومات حاصل کرنے والے خانگی ہاسپٹلس کو وارننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں کو بستروں کی دستیابی کے بارے میں شفافیت کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ اگر بستروں کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی تو ایسے میں حکومت سختی سے کام لے گی۔ ہر ہاسپٹل میں جملہ بستروں کی دستیابی اور خالی بستروں سے متعلق تفصیلات عوام کے مشاہدہ کیلئے پیش کئے جائیں۔ ان تفصیلات سے حکومت کو بھی واقف کرایا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈاکٹرس اور نرسیس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ۔ اس کے علاوہ کووڈ۔19 انسینٹیو کے طور پر محکمہ صحت کے تمام ملازمین بشمول آؤٹ سورسنگ ملازمین کو 10 فیصد اضافی تنخواہ ادا کی جائے۔ انہوں نے پولیس اور صفائی عملہ کے لئے بھی رعایتوںکا اعلان کیا۔ شہری اور دیہی مجالس مقامی نے خدمات انجام دینے والے صفائی عملہ کی رعایتیں جاری رہیں گی۔ چیف منسٹرنے عہدیداروں سے کہا کہ کسی بھی صورت میں ادویات
Remdesivir, Tocilizumab
اور
Favilavir
دواؤں کی قلت نہیں ہونی چاہئے اور ان ادویات کا مناسب اسٹاک رکھا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کو کورونا سے خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئے ۔ وائرس کے سلسلہ میں کوئی لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے ضروری نہیں کہ وہ خانگی ہاسپٹل میں علاج پر اپنی محنت کی کمائی خرچ کریں۔ سرکاری ہاسپٹلس اور وہاں کا عملہ کسی بھی مریض کو بہتر علاج فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بستروں کی فراہمی کے مسئلہ پر خانگی ہاسپٹلس کو شفافیت سے کام لینے کی وارننگ دی اور کہا کہ حکومت بستروںکی عدم فراہمی پر سخت کارروائی کرے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا سے ساری دنیا متاثر ہے ، تاہم تلنگانہ میں مریضوں کے شفاء یاب ہونے کی شرح اطمینان بخش ہے۔ اموات کی شرح قومی شرح سے کم ہے۔ جمعرات تک 41018 افراد میں کورونا پازیٹیو پایا گیا اور 27295 مریض صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ 9636 مریض جن میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں ، ہوم کورنٹائن ہیں۔