کورونا سے ٹھیک مریضوں میں مختلف امراض

   

حیدرآباد۔4اگسٹ(سیاست نیوز) کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والے مریضوں میں مختلف امراض پائے جانے لگے ہیں اور ان امراض کے علاج کے لئے بڑی تعداد میں مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہورہے ہیں۔ کورونا وائرس کے علاج کے بعد صحت مند ہونے والوں میں کھانسی‘ چکر‘ سردرد‘ سانس لینے میں تکلیف‘ سینے میں جکڑ‘ اختلاج‘ سینے میں دردکی شکایات بھی پائی جانے لگی ہیں ۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی بڑی تعداد میں اعضاء شکنی‘ پٹھوں میں تکلیف‘ بے خوابی‘ بال کا جھڑنا‘ امراض شکم ‘ ذہنی تناؤ‘ گھبراہٹ ‘ اور او سی ڈی جیسی بیماریوں ہونے لگی ہیں۔ مابعد کورونا وائرس شدید صورتحال کا شکار ہونے والوں میں قلب پر حملہ ‘ پھیپڑوں کے امراض کے علاوہ ذیابیطس کی بھی شکایات پائی جانے لگی ہیں اسی لئے کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والوں کو اپنی غذاء میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور انہیں مقوی غذاء کے بجائے صحت مند غذاء کے استعمال پر توجہ دینی چاہئے ۔ ماہرین کے مطابق وٹامن کے علاوہ پروٹین اور دیگر تغذیہ بخش اشیاء کا استعمال کریں تاکہ مابعد کورونا وائرس کے مسائل پیدا نہ ہوں۔ ماہرین کا کہناہے کہ یوگا اور ہلکی ورزش کے ذریعہ جسم میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو روکا جاسکتا ہے اسی لئے صحت مند غذاء کے ساتھ جسمانی حرکت بھی لازمی کرلیں۔ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں ۔ کھلی فضاء میں زیادہ وقت گذارنے سے پھیپڑوں کی ورزش ہوگی جو سانس لینے میں ہونے والی تکلیف کو دور کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی ۔ کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والوںکو آلودگی سے محفوظ رہنا‘ ناک اور منہ کو ڈھانک کررکھنا چاہئے۔

اور ذہنی ورزش پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ ذہنی تناؤ کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔