کورونا سے ٹھیک ہونے کے تین مہینے بعد لگے گا ویکسین کا ٹیکہ ، مرکز نے جاری کی ہدایت

   

ملک میں کورونا وائرس انفیکشن سے شفایاب ہوئے لوگوں کی ٹیکہ کاری اب تین مہینے بعد ہوگی ۔ کورونا ٹیکہ کاری کے معاملہ پر مرکزی حکومت کو مشورہ دینے والے ایکسپرٹ گروپ نے یہ مشورہ مرکزی حکومت کو دیا تھا ، جس کو وزارت صحت نے قبول کرلیا ہے ۔ ان مشوروں میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس انفیکشن سے ٹھیک ہوجانے کے بعد ٹیکہ کاری کو تین مہینے کیلئے ملتوی کیا جاسکتا ہے ۔اس کے علاوہ جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ٹیکہ کاری سے پہلے کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ کیلئے کسی شخص کا ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہدایات کے مطابق اگر شخص کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد متاثر پایا جاتا ہے ، تو دوسری ڈوز ٹھیک ہونے کے تین ماہ بعد لگائی جانی چاہئے ۔ ساتھ ہی سبھی دودھ پلانے والی خواتین کیلئے ٹیکہ کاری کا مشورہ دیا گیا ہے ۔