تھمپو : بھوٹان اب تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا ہے تاہم ملک میں وائرس سے چوتھی ہلاکت پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ وبا سے بچنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریباً آٹھ لاکھ آبادی پر مشتمل چین اور ہندوستان کے درمیان واقع بھوٹان میں پوری دنیا کے مقابلے کورونا وائرس کے سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے چیرنگ، جو خود بھی ایک ڈاکٹر ہیں، کا کہنا ہے کہ ’رواں ہفتے کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت یہ یاد دہانی کروا رہی ہے کہ ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘ہفتہ کو فیس بک پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک گولی لگنے جیسا احساس ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک اور قیمتی جان چلی گئی۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں قوم کے ساتھ (اس ہلاکت کا) دکھ منا رہا ہوں اور ہمارے پیارے دوست کے لیے دعا گو ہوں۔‘وزیراعظم کے مطابق بھوٹان اس وبا کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور قوم کسی ایسی بیماری کی وجہ سے اپنے لوگ نہیں کھو سکتی ’جس کو روکا جا سکتا ہے۔‘دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بھوٹان میں بھی کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔