کورونا سے 5 لاکھ سے زائد اموات : حکومت

   

نئی دہلی: حکومت نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران پورے ملک میں 5 لاکھ 21 ہزار 358 افراد لقمہ اجل بن گئے لیکن کسی بھی ریاست نے آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریض کی موت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزیر مملکت، بھارتی پوار نے منگل کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے 5 لاکھ 21 ہزار 358 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام ریاستوں سے کورونا وبا سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار دینے کے لئے کہا تھا، تاہم کسی بھی ریاست نے آکسیجن کی وجہ سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار نہیں بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں ریاستوں کو گیارہ خطوط لکھے تھے لیکن بیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے کورونا کی وجہ سے مرنے والے شخص کے لواحقین کو 50 ہزار روپے کی ایکس گریشیا دی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک 184 کروڑ ویکسین، اہل افراد کو دی جا چکی ہیں جن میں سے 97 فیصد کو پہلی خوراک اور 85 فیصد کو دوسری خوراک دی جا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کا یہ پروگرام رضاکارانہ ہے لیکن حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے کہ ہر کسی کو ویکسین لگائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکہ لگائے جانے کے پروٹوکول سے متعلق فیصلہ ماہرین کی رائے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔