کورونا علاج ،من مانی رقومات کی وصولی کیخلاف انتباہ

,

   

حیدرآباد۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وائرس علاج کے دوران من مانی رقومات وصول کرنے والے دواخانوں اور علاج کے دوران کی جانے والی لاپرواہی کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات پر جلد کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست اور ملک کے علاوہ دنیا بھر میں وبائی مرض کورونا وائرس کے سبب وباء کے دوران خدمات انجام دینے والے کسی بھی عملہ کے خلاف کاروائی کی گنجائش نہ ہونے کے سبب ریاست تلنگانہ میں بھی دواخانوں اور ڈاکٹرس کے خلاف موصول ہونے والی شکایتوں پر معمول کے مطابق کاروائی نہیں کی جاسکی ہے لیکن اب جبکہ ریاست میں کوروناو ائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور دواخانوں کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج سے دستبرداری اختیار کی جانے لگی ہے تواس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ریاستی حکومت کو موصول ہونے والی شکایات پر کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی بلکہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے تمام شکایات کا باریکی سے جائزہ لیتے ہوئے ان کے متعلق رپورٹ تیار کی جائے گی اور قانون کے مطابق ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایاجائے گا۔ڈاکٹر جی سرینواس ڈائریکٹر محکمہ صحت تلنگانہ نے بتایا کہ ریاست میں جن دواخانوں کے خلاف من مانی رقومات کی وصولی کے علاوہ مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ دھوکہ دہی کے علاوہ دیگر شکایات جو وصول ہوئی ہیں ان شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے دواخانہ کے انتظامیہ سے جواب طلب کیا گیا ہے اور بیشتر دواخانوں نے اپنے جواب بھی داخل کردیئے ہیں لیکن ان میں بیشتر دواخانوں کی جانب سے داخل کئے جانے والے جوابات سے محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ مطمئن نہیں ہے اور جلد ہی ان شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کا آغاز کیاجائے گا۔شہر حیدرآباد میں غیر کورونا مریضوں کو کورونا وائرس کے علاج کے نام پر لاکھوں روپئے وصول کرنے کی شکایات کے علاوہ کورونا وائر س کے نام پر سرکاری احکام سے کئی گنا زیادہ رقومات دواخانو ںکی جانب سے وصول کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان شکایات کے علاوہ ریمیڈی سیور انجکشن کی فروخت و حصول کے معاملہ میں کی جانے والی بے قاعدگیوں کی شکایات پر بھی کاروائی کاجلد آغاز کیاجائے گا ۔