وائرس کا برتاؤ،ادویات اور دیگر امور پر کام
ریاض۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس کے علاج پر تحقیق اور ای کلینیکل ٹرائلز کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا بھر کے ریسرچ اینڈ اسٹڈیز سنٹرز کے شانہ بشانہ کام کر رہا ہے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق العبد العالی نے کہا کہ سعودی عرب نے کورونا پر تحقیق کے سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔ مملکت اس حوالے سے عرب دنیا میں اول اور خطے میں دوسرے نمبر پر ہے۔ العبد العالی نے مزید کہا کہ کورونا کے علاج کے بارے میں سعودی اسکالرزکا تحقیقی کام علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر احترام کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ پوری دنیا میں سعودی عرب 25 ویں نمبر پر ہے۔ مشرق وسطی میں دوسرے اور عرب ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ العبد العالی نے کہا تھا کہ وزارت صحت کورونا وائرس کے حوالے سے اپنا کردار مسلسل ادا کر رہی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ کورونا پر تحقیق مختلف حوالوں سے ہورہی ہے۔ بعض کا تعلق وبائی امراض، دیگر کا کورونا وائرس کو سمجھنے، کچھ کاکورونا کے علاج سے ہے۔ علاوہ ازیں اس وبا پر قابو پانے کے لیے دواؤں اور ویکسین پر بھی تحقیقی کام ہو رہا ہے۔ العبد العالی نے کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ ہفتوں کے دوران کورونا کے پلازمہ سے علاج کے اہم مطالعے میں حصہ لیا۔ سعودی عرب سارس ون کے علاج میں اس طریقہ کار سے پہلے ہی استفادہ کر چکا تھا۔