کورونا علاج میں معاون انجکشن کی بلیک مارکیٹنگ، 4 افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ کورونا کے قہر کے دوران پریشان حال عوام کو انجکشن کے نام پر لوٹ کی کوششیں جاری ہیں۔ کورونا کے مریضوں کیلئے مددگار اینٹی وائرل میڈیسن ریمی ڈیسیوا انجکشن کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کا پولیس تعاقب کررہی ہے۔ کل تین افراد کی گرفتاری کے بعد آج کمشنر ٹاسک فورس کی سنٹرل زون اور ویسٹ زون کی ٹیموں نے چار افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 10 انجکشنس کو ضبط کرلیا۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم کے انسپکٹر عبدالجاوید کی ٹیم نے نامپلی مرغی مارکٹ علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد 52 سالہ عبدالحفیظ سردار میڈیکل، 27 سالہ شیخ جیلانی اور 51 سالہ محمد بن سلیم کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضہ سے 4 انجکشنس ضبط کرلئے جو بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے انجکشن کو زائد قیمتوں میں فروخت کررہے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطبق 3,490 روپئے فی انجکشن کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اس انجکشن کو 23000 روپئے میں فروخت کیا جارہا تھا۔ جبکہ ویسٹ زو ٹاسک فورس ٹیم نے ایک کارروائی میں رحمت نگر علاقہ میں دھاوا کیا اور ایک شخص 33 سالہ شیخ مظہر کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضہ سے 6 انجکشنس کو ضبط کرلیا جو زائد قیمت میں فروخت کررہا تھا۔