کورونا علاج کی سہولتوں میں کمی پر ہائی کورٹ کی برہمی

   

چیف جسٹس کی ہدایات نظرانداز، تفصیلات داخل کرنے حکومت کو ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے کورونا کے مریضوں کے علاج سے متعلق تفصیلات پیش کرنے حکومت کو ہدایت دی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سرکاری ہاسپٹلس سے رجوع ہونے والے مریضوں کا علاج کس طرح کیا جارہا ہے، اس کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ عدالت نے کورونا کے علاج کے مسئلہ پر دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت نے حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کورونا کے ٹسٹ کہاں کہاں کئے جارہے ہیں، یہ عوام کے علم میں نہیں ہے۔ کنگ کوٹھی ، گاندھی اور چیسٹ ہاسپٹل میں کورونا کے مریضوں کے علاج سے متعلق انتظامات سے ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو واقف کرایا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ کم علامات رکھنے والے مریضوں کا سروجنی دیوی ، آیورویدک اور نیچر کیور ہاسپٹلس میں علاج کیا جارہا ہے ۔ عدالت نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کورونا کے ٹسٹ کے مراکز کے بارے میں میڈیا کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جائے تاکہ عوام کو واقفیت حاصل ہو۔ عدالت نے کہا کہ کورونا وباء کے سبب عام آدمی کافی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور حکومت کسی سنجیدگی کے بغیر معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔ عدالت نے برہمی ظاہر کی کہ چیف جسٹس کی پیش کردہ تجویز پر بھی حکومت عمل کرنے تیار نہیں ہے ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ کورونا سے متاثرہ ہر شخص کا معائنہ کرتے ہوئے علاج کی سہولت فراہم کرے۔ عدالت نے کہا کہ ٹسٹ اور علاج کے سلسلہ میں عوام کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے ۔