کورونا علاج کے فیس کی تعین کے لیے سفارشات حکومت کو روانہ

   

مریضوں کو خانگی دواخانوں سے من مانی وصول شدہ رقم کی واپسی کے لیے کمیٹی کی تشکیل ، عدالتی احکام پر محکمہ صحت کے اقدام
حیدرآباد۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں سے من مانی رقومات وصول کرنے والے خانگی دواخانوں سے رقومات واپس دلوانے کے سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جلد ہی علحدہ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت کے مطابق ریاستی حکومت کو محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کیلئے فیس کے تعین کے سلسلہ میں سفارشات روانہ کردی گئی ہیں اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلہ کے مطابق علحدہ کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ من مانی رقومات وصول کرنے والے دواخانوں سے رقومات واپس دلوانے کیلئے کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ محکمہ کو وصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے شکایت کنندگان سے بات چیت اور دواخانہ کے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ رقومات کی واپسی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ فی الحال ریاست میں موجود خانگی و کارپوریٹ دواخانوں میں 40ہزار تا1لاکھ روپئے یومیہ کورونا وائرس کے مریضوں سے وصول کئے جا رہے ہیں جو کہ شہریوں میں بوجھ کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر جی سرینواس نے بتایا کہ ریاست میں موجود خانگی دواخانوں کے انتظامیہ سے نئی کمیٹی مذاکرات کے ذریعہ یومیہ فیس کی تعین کرے گی اور دواخانوں کے انتظامیہ کو شکایت کنندگان سے وصول کی گئی بے جا رقومات کی واپسی کے لئے اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں آئندہ دو یوم کے دوران قطعی فیصلہ کرتے ہوئے کمیٹی میں شامل عہدیداروں کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ضلع واری اساس پر تشکیل دی جانے والی کمیٹیوں کا ضلع کلکٹر کو صدرنشین بنائے جانے کا امکا ن ہے اور ریاستی سطح پر کمیٹی کی نگرانی محکمہ صحت یا راست چیف سیکریٹری کے حوالہ کی جائے اس بات کا فیصلہ ریاستی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ڈائریکٹر محکمہ صحت نے بتایا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جو احکامات جاری کئے گئے ہیں ان کے مطابق شکایت کنندگان کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ان سے وصول کی جانے والی رقومات کی واپسی کے امور کا جائزہ لیا جائے گا اور دواخانوں کے انتظامیہ سے مذاکرات کے ذریعہ ہی ریاست کے کارپوریٹ و خانگی دواخانوں میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے قیمت کا
تعین کیا جائے گا علاوہ ازیں دواخانوں کے انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ وباء کے ان حالات میں منافع بخش کاروبار کی طرح دواخانہ میں علاج نہ کریں بلکہ انسانیت کی خدمت کے طورپر علاج ومعالجہ کی خدمات انجام دی جائیں۔