کورونا :فرانس کارپوریشن انتخابات ملتوی

   

پیرس، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہلک کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے قہر کے مدنظر فرانس میں کارپوریشن انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پیر کے روز ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ‘[ممبران پارلیمنٹ اور نیشنل اسمبلی کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد میں نے کارپوریشن انتخابات کے دوسرے مرحلے کو آگے طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فرانس میں کورونا وائرس کی زد میں آنے سے اب تک 120 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 6600 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔ فرانس میں اتوار کو ہوئے کارپوریشن انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ بہت کم ہوئی تھی جس کے پیش نظر اپوزیشن پارٹوں نے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا جو 22 مارچ کو ہونے والا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چین کے صوبہ ہوبئی کی راجدھانی ووہان میں پھیلے اس جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 110 سے زائد ممالک آچکے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے درمیان اسے عالمی وبا قرار دیا ہے ۔