کیبل بریج کی تکمیل ، کئی علاقوں میں سڑکوںکی تعمیر و مرمت کا کام
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لئے 2020 کا کورونا لاک ڈاؤن مختلف پراجکٹس کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوا۔ لاک ڈاؤن اور کرفیو کے دوران میونسپل کارپوریشن کو کئی پراجکٹس کی تکمیل اور سڑکوں کی نگہداشت اور مرمت کے کاموں کی تکمیل میں مدد ملی ہے۔ کئی پراجکٹس روڈ کلیئرنس حاصل نہ ہونے کے سبب زیر التواء تھے لیکن کورونا لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نتیجہ میں میونسپل کارپوریشن میں جن اہم پراجکٹس کی تکمیل کی ، ان میں درگم چیروو کا کیبل بریج ہے۔ 735.639 میٹر طویل بریج جوبلی ہلز سے ہائی ٹیک سٹی کو جوڑتا ہے جس کا افتتاح ان لاک کے آغاز کے بعد کیا گیا۔ یہ بریج 184 کروڑ کے خرچ سے تعمیر ہوا ہے۔ شہر کے لئے منصوبہ بند روڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت اس پراجکٹ کی تکمیل کی گئی۔ روڈ ڈیولپمنٹ پلان 25 ہزار کروڑ روپئے پر مشتمل ہے۔ 2020 کے دوران جو دیگر پراجکٹس مکمل کئے گئے ، ان میں روڈ نمبر 45 بائیو ڈائیورسٹی جنکشن ، ایل بی نگر جنکشن اور ناگول جنکشن پر فلائی اوورس کی تعمیر اور ایل بی نگر جنکشن پر انڈر پاس کی تعمیر شامل ہے۔ عنبرپیٹ ، بالا نگر اور اوپل کے علاقوں میں سڑکوں کی توسیع کا کام انجام دیا گیا۔ سڑکوں کی توسیع کیلئے اراضی کے حصول میں عہدیداروں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے تعمیری کاموں کی تکمیل کی ہے۔ شہر میں ٹریفک سے نمٹنے کیلئے متبادل سڑکوںکا نیٹ ورک تیار کیا جارہا ہے۔ ٹاؤن پلاننگ سیکشن نے 2020 ء کے دوران غیر مربوط سڑکوں کی تکمیل کا منصوبہ بنایا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں 37 مسنگ روڈس کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ لاک ڈاون کے دوران 709 کیلو میٹر طویل اہم سڑکوں کی نگہداشت اور مرمت کا کام انجام دیا گیا جس پر 1839 کروڑ کے اخراجات ہوئے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے فائدہ اٹھاکر 300 کیلو میٹر طویل سڑکوں کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ 250 کیلو میٹر پر نئی سڑکیں بچھائی گئیں۔ اشوک نگر ، پرانا پل ، سوماجی گوڑہ ، رامنتا پور ، کواڑی گوڑہ ، لیبرٹی ، نکلس روڈ ، نریڈ میٹ ، میاں پور ، ایل بی نگر ، اپل اور دیگر علاقوں میں جنکشن کو خوبصورت بنانے کا کام انجام دیا گیا۔ کچرے کی نکاسی کیلئے 197 عصری گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
