کورونا متاثرہ خاتون نے ہاسپٹل کی گیٹ کے قریب بچہ کو جنم دیا

   

وزیر صحت ہریش راؤ کا اظہار برہمی، ڈیوٹی ڈاکٹر کو معطل کرنے کے احکامات

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے ضلع ناگر کرنول کے اچم پیٹ میں کورونا سے متاثرہ خاتون کی ڈیلیوری کرنے سے ڈاکٹرس کے انکار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈاکٹرس کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور کورونا سے متاثرہ حاملہ خواتین کی ڈیلیوریز کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ تفصیلات کے بموجب حاملہ خاتون این لالہ اماں کو ڈیلیوری کے لیے صبح 8 بجے اس کے ارکان خاندان نے اچم پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل پہنچایا۔ 10 بجے اس حاملہ خاتون کا کورونا ٹسٹ کیا گیا جس کا نتیجہ پازیٹیو برآمد ہونے پر ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے ڈیلیوری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہاسپٹل میں پی پی ای کٹس بھی نہیں ہے ۔ حاملہ خاتون کے ارکان خاندان کو ڈاکٹرس نے ضلع ہیڈ کوارٹر ناگر کرنول لیجانے کا مشورہ دیا ۔ اس دوران اس حاملہ خاتون کی ہاسپٹل کے گیٹ کے پاس ڈیلیوری ہوگئی ۔ ڈیلیوری ہونے کے بعد ہاسپٹل کے عملہ نے زچہ اور بچہ دونوں کو ہاسپٹل میں منتقل کیا ۔ ہاسپٹل کے احاطہ میں خاتون کی گیٹ کے پاس ڈیلیوری ہونے پر خاتون کے ارکان خاندان اور مقامی عوام نے برہمی کا اظہار کیا ۔ جب اس سلسلہ میں ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کرشنا سے وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ڈیوٹی ڈاکٹر ہری بابو نے حاملہ خاتون کو ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کے لیے رجوع کیا تھا ۔ لیکن حاملہ خاتون کے ارکان خاندان ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل رجوع نہیں ہوئے ۔ خاتون کی ہاسپٹل کی گیٹ کے پاس ڈیلیوری ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس پر ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے ڈیوٹی ڈاکٹر ہری بابو کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ن