ہندوستانی متاثرین میںا ضافہ کی رفتار برقرار،ماہ جون کے 10 دنوں میں مجموعی تعداد کے ایک تہائی مریض
نئی دہلی ،10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کووڈ۔19کے لگاتار سنگین حالات کے درمیان چہارشنبہ کو راحت بھری خبر یہ ہے کہ کورونا وائرس کے فعال کیسیس کے مقابلے میں اس وبا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد پہلی زیادہ ہوگئی ۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2,76,583ہوگئی ہے ۔ فی الحال ایک لاکھ 33ہزار 632کورونا وائرس کے ایکٹیو کیس ہیں ، جبکہ اس مہلک وائرس سے لڑائی میں ایک لاکھ 35ہزار 206 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔تاہم ملک گیر کورونا کیسوں کی تعداد آج تقریباً 2.8 لاکھ ہوگئی جن میں سے لگ بھگ ایک تہائی معاملوں کاجاریہ ماہ جون کے محض 10 دنوں میں پتہ چلا ہے۔ جملہ اموات 7745 ہیں۔ یکم ؍ جون سے ملک بھر میں تقریباً 90,000 کیسوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ان 10 دنوں میں جملہ اموات کی تقریباً ایک تہائی تعداددرج کی گئی ہے۔ ہندوستان کا پہلا کووڈ کیس زائد از 4 ماہ قبل 30 جنوری کو سامنے آیا تھا لیکن اسے ایک لاکھ کے نشان تک پہنچنے زائد از 100 یوم لگے۔ تاہم اگلے ایک لاکھ کیس محض 15 دن میں بڑھ گئے اور موجودہ شرح پر 3 لاکھ کا نشانہ اسی ہفتے درج کیا جاسکتا ہے۔ ایک ہفتے سے ہر روز 9 ہزار سے زیادہ نئے کیس سامنے آرہے ہیں ۔انڈیا دنیا میں موجودہ طور پر امریکہ، برازیل، روس اور برطانیہ کے بعد پانچواں بدترین متاثرہ ملک ہے۔
ریاستوں کی بات کریں تو ٹاملناڈو ، گجرات ، راجستھان ، اترپردیش ، اڈیشہ ، بہار ، آندھراپردیش، ہماچل پردیش وغیرہ میں ایکٹیو کیسز کے مقابلے صحتمند افراد کی تعداد میں نمایاں فرق ہے ۔ٹاملناڈو میں 16282 ایکٹیو کیسز ہیں ، صحتمند ہونے والوں کی تعداد اس ریاست میں 18325 ہے ۔گجرات میں ایکٹیو کیسز 5336 جبکہ صحت مند ہنے والوں کی تعداد 14365 ہے ، راجستھان میں ایکٹیو کیسز 2662 ہیں جبکہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد 8328 ہے ، اتر پردیش میں4365 ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ 6669 شفایاب ہوئے، بہار میں ایکٹیو کیسز2563 ہیں جبکہ 2864 افراد ٹھیک ہوئے ہیں، آندھرا پردیش میں 2191ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ 2802افراد شفایاب ہوئے اور ہماچل پردیش میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 191 ہیں جبکہ 249 افراد صحتمند ہوئے ہیں۔