سخت کارروائی کیلئے حکومت کی منصوبہ بندی ۔ غیر انسانی سلوک نہ کیا جائے۔ ہریش راو
حیدرآباد کورونا متاثرین کے تخلیہ اور انہیں گھرو ںیا گاؤں میں داخلہ سے روکنے کی شکایات پر حکومت سے سخت کاروائی کی جائے گی کیونکہ کورونا مریضوں کے ساتھ ایسا سلوک انتہائی غیر انسانی ہے اور ایسا کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔ شہر میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس طرح کی غیر انسانی حرکتوں کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی منصوبہ بندی کی جا نے لگی ہے اور حکومت بہت جلد اعلان کرے گی۔ شہر کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع سے شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ کورونا متاثرین کو گاؤں میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے اور شہر میں بھی کورونا مریضوں کو مالکین مکان کی جانب سے تخلیہ پر مجبور کیا جا رہاہے جس پر ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا صرف شہر یا ریاست یا ملک میں نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں وائرس کے متاثرین موجود ہیں اور ان کے ساتھ ایسا غیر انسانی سلوک اور انہیں مکان چھوڑنے یا گاؤں میں داخل ہونے سے روکنا کورونا سے نجات کا طریقہ نہیں ہے بلکہ اب دنیا بھر میں کورونا کے ساتھ زندگی گذارنے کے علاوہ کورونا سے متاثر ہونے پر احتیاط اور کورونا مریضوں سے احتیاط کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کی بات کی جارہی ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ وباء کے اس دور میں اس طرح کی غیر انسانی حرکات سے نہ صرف مریضوں کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ مریضوں کو یکا و تنہاء کئے جانے کے سبب وہ تناؤ کا شکار ہوجائیں گے اسی لئے انہیں الگ تھلگ کرنے کا ہر گز یہ مطلب نہیں لیا جانا چاہئے کہ ان سے پیچھا چھڑایا جائے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ڈاکٹرس و طبی عملہ کے علاوہ کئی تنظیموں کی جانب سے کورونا مریضوں کی خدمت کی جا رہی ہے اور ان کو درکار سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو کہ حوصلہ افزاء ہے لیکن ان حالات میں بعض مقامات سے کرایہ داروں کو کورونا کی صورت میں انہیں مکان کا تخلیہ کرنے مجبور کئے جانے کے علاوہ مریضوں کو گاؤں یا محلہ میں داخل ہونے سے روکے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جو کہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔