کورونا متاثرین کی تعداد 20.70 لاکھ سے تجاوز

,

   

عالمی سطح پر5لاکھ شفایاب،ایک لاکھ38ہزارسے زائدافراد ہلاک
بیجنگ ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی، 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) کا پھیلاؤ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک دنیا کے 185 سے زائد ممالک میں اس وبا سے 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے کل 2064115 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 137078 ہو گئی ہے ۔ دنیا بھر میں اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ اس وبا سے مکمل طورپر شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کے انفیکشن تیزی سے پھیل ر ہے ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 12380 افراد اس وبا سے متاثرہوئے ہیں اور414 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ اب تک 1489 افراد اس انفیکشن سے بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔ہوپکنز ہونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور وہاں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں۔دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں یہ وبا بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے ۔یہاں پراب تک 639055 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 30925 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ امریکہ میں حالات مسلسل خراب ہو رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 2500 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ امریکہ میں اس بیماری سے اب تک 50 ہزارسے زیادہ افراد ٹھیک بھی ہو ئے ہیں۔امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثر یوروپی ملک اٹلی ہے ، جہاں اس وبا سے اب تک 21645 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 165155 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82341 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 3342 افراداموات ہوئی ہے . اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔