کورونا متاثرین کی جان بچانے ہر ممکنہ کوشش ‘ موثر ادویات دستیاب

   

وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ٹمس ہاسپٹل کا دورہ کیا ۔ خانگی دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ پر شدید برہمی کا اظہار

حیدرآباد ۔ حکومت کورونا وائرس کے ہر متاثر کی جان بچانے کی ممکنہ کوشش کر رہی ہے اور جن انجیکشن کے معاملہ میں خانگی دواخانوں کی جانب سے عدم دستیابی کااعلان کیا جار ہاہے کہ وہ انجیکشن بھی سرکاری دواخانو ںمیں دستیاب ہیں ۔ وزیر صحت ای راجندر نے نو قائم کردہ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کا دورہ کرکے مریضوں اور دواخانہ کے عملہ سے ملاقات کی اور سہولتوں کے متعلق دریافت کرنے کے علاوہ دوران علاج فراہم کئے جانے والے اشیائے تغذیہ کے معیار کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے دواخانہ میں شریک مریضوں اور ڈاکٹرس کے علاوہ نیم طبی عملہ اور سیکیوریٹی عملہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ہر مریض کی جان بچانے کی ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریمیڈی سیور انجکشن کے استعمال کے علاوہ ریاستی حکومت کے تحت چلائے جانے والے دواخانوں میں مہنگی ادویات کا بھی اسٹاک محفوظ رکھا گیا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جس مریض کو جو دوا درکار ہے اس دواکے انتظام کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے خانگی دواخانوں میں جاری لوٹ کھسوٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کے نام پر خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں کی جانے والی لوٹ کھسوٹ کی تحقیقات اور اسے روکنے کیلئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے دواخانوں میں بھی اموات پر قابو پانے کی ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کے علاوہ دیگر عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہے اور ان کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کا کوئی بدل نہیں ہے۔انہو ںنے خانگی و کارپوریٹ دواخانوں کے ذمہ داروں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کو مریضوں کو شریک کرنے سے انکار کرتے ہیں اور وباء کے اس دور سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر تے ہیں تو ان کی حکومت خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ ایسے دواخانوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے دواخانہ میں شریک مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کو درپیش مسائل اور دواخانہ میں موجود سہولتوں کے متعلق استفسار کیا اور کہا کہ مریضوں نے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں موجود سہولتوں اور علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ٹمس میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کا ہی علاج کیا جا رہا ہے اوریہاں مشتبہ مریضوں کو نہیں لایا جارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اولین ترجیح کورونا وائرس کا شکار مریضوں کا بہتر علاج اور اموات پر قابو پانے کے لئے ممکنہ اقدامات ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے دیگر سرکاری دواخانوں میں بھی معیاری سہولتوں کے علاوہ درکار عملہ کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی ریاست بھر میں شہریوں کی جانب سے خانگی دواخانوں کے بجائے کورونا وائرس کے علاج کیلئے سرکاری دواخانوں کو ترجیح دی جانے لگے گی ۔