کورونا متاثرین کے گھروں میں آکسیجن کے انتظام کا مطالبہ

   


ویکسین کی قیمتوں میں یکسانیت ہونا چاہئے۔ ٹیکہ مفت لگایا جائے: اکھلیش یادو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اقتدار کا گھمنڈ چھوڑ کر ایک خاندان کی طرح سوچے اور فوری طور پر کورونا متاثرین کے گھروں پر آکسیجن کا بندوبست کرے ۔ یادو نے پیر کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ مریض تو مریض ہے ، گھر میں ہو یا اسپتال میں۔ ان کی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ویکسین کی قیمتوں میں یکسانیت ہونی چاہئے اور ملک بھر میں فوری اور مفت ٹیکہ لگانے کا نظام ہونا چاہئے ۔ یادو نے پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے بحران کے اس دور میں لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دور اندیشی کے فقدان اور بدانتظامی کی وجہ سے بی جے پی نے اترپردیش کو کورونا ریاست بنایا ہے ۔ ایک طرف حکومت متوفی افراد کی تعداد ظاہر کرنے کے لئے جعلی اعداد و شمار دے رہی ہے تو دوسری طرف شمشانوں میں چتائیں بجھنے کا نام نہیں لے رہی ہیں ۔ آکسیجن ، بستر ، دوا کی کمی کی وجہ سے ہنگامی طبی صورتحال ہے ۔ وزیر اعلی کے بیان جو بھی ہوں ، بی جے پی ایم ایل اے اور ارکان پارلیمنٹ دھرنے دینے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ یہ بی جے پی سرکار کی ناکامی نہیں تو اور کیا ہے ۔