جگن موہن ریڈی کی تقلید کرنے کا وزیراعظم سے نواب محمد کاظم علی خاں کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس نواب محمد کاظم علی خاں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کے پسماندگان کو فی کس 20 لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کیا جائے ، مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس کم از کم 20 لاکھ روپئے کی فی الفور امداد جاری کرے ۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش شری جگن موہن ریڈی کی ستائش کی جنہوں نے وشاکھا پٹنم میں زہریلی گیاس سے ہلاک ہونے والوں کے لیے فی کس ایک کروڑ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ لیکن مرکزی حکومت کورونا وباء سے فوت ہونے والوں کے لیے کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے حالانکہ وزیراعظم شری نریندر مودی نے مارچ میں قائم کردہ فنڈ ، پی ایم کیرز فنڈ میں صرف ایک ہفتہ میں 6500 کروڑ روپئے سے زائد رقم وصول ہونے کا اعلان کیا گیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد سے جلد اس امداد کا یا اس سے زیادہ امداد کا اعلان کریں گے ۔۔