کورونا متوفی کے ورثا کو 5لاکھ روپئے معاوضہ کا مطالبہ

   

حکومت کی ناقص پالیسی سے کئی جانیں تلف ہوئیں، 50ہزار روپئے معاوضہ پر کانگریس کا ردعمل

نئی دہلی : کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کی کورونا مینجمنٹ کی ناقص پالیسی کے سبب کثیرتعداد میں لوگوں کی جان گئی ہے اس لئے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد دی جانی چاہیے ۔کانگریس کی ترجمان سپریا سری نیت نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لئے مناسب سطح پر اسپتال میں وینٹلیٹر وغیرہ کی سہولت دستیاب نہیں کرائی جس کے سبب لوگ جاں بحق ہوئے ۔ حکومت اس کے لئے ذمہ دارہے اس لئے ہرایک مرنے والوں کے کنبہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد دی جانی چاہیے ۔ترجمان نے کہا کہ حکومت نے کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 50 ہزار روپے دینے کی بات سپریم کورٹ میں کہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم بہت کم ہے اور اتناپیسہ مریض کو اسپتال میں داخل کرانے پر ہی خرچ ہوجاتے ہیں۔پی ایم کیئر فنڈ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں حکومت کے پاس 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم آئی ہے اور اس کا کوئی حساب نہیں ہے ۔ یہ رقم کورونا کے نام سے آئی ہے اس لئے کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی اہل خانہ کو اس فنڈ سے بھی رقم دی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے سبب ہونے والی اموات کا اعدادوشمار چھپایا نہیں جانا چاہیے اور اس کے تعلق سے سروے بھی کرایا جانا چاہیے ۔ ملک میں کورونا کے سب بڑی تعداد میں لوگوں کی ملازمتیں گئی ہیں۔ لوگوں کو کاروبار ختم ہوا ہے ۔