کورونا مریضوںکا دوبارہ متاثرنہ ہونے کا ثبوت نہیں :ڈبلیو ایچ او

   

۔25 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ فی الحال یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ کووڈ انیس کے صحت یاب مریض یا پھر اینٹی باڈیز کے متحمل افراد دوبارہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر نہیں ہو سکتے۔ ڈبلیو ایچ او کے بیان میں خبردار کیا گیا کہ کووڈ انیس کے تندرست مریضوں کو ’رسک فری سرٹیفیکیٹ‘ یا پھر ’امیونٹی پاسپورٹ‘ جاری کرنے کا عمل خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے جنوبی امریکی ملک چلی کی جانب سے ملک میں اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کو ’ہیلتھ پاسپورٹ‘ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ وہ جلد از جلد افرادی قوت میں شامل ہو سکیں۔
یونیسیف کی جانب سے رمضان کی مبارکباد

نیویارک ۔25 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فار نے ایک پریس بیان جاری کرکے ماہ رمضان کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہوچکاہے ۔ میں اس پر امن خوشی کے وقت اپنے مسلم ساتھیوں، ان کے دوستوں اور خاندانوں کے ساتھ اس پاک جشن میں شامل ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ اس سال کووڈ۔19کے عالمی چیلنج کا آپ اپنی عبادات اور دعا میں خیال رکھیں گے ۔ لیکن یہ عالمی بحران رمضان کی معنویت اور جوش کو کم نہیں کر سکتا۔ اس مبارک مہینے کی روح و برکتوں سے آپ کا دل اور گھر چمکتے رہیں۔ رمضان مبارک! ہنریٹا ایچ فور

پیرو میں ہزاروں پولیس اہلکار کورونا کا شکار، وزیر داخلہ مستعفی
پیرو۔25 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی امریکی ملک پیرو میں ہزاروں پولیس اہلکار نئی قسم کے کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے پیرو کے وزیر داخلہ کارلوس موران اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ پیرو کے کل ایک لاکھ چالیس ہزار پولیس اہلکاروں میں سے قریب ایک ہزار تین سو کورونا کا نشانہ بن چکے ہیں۔ جنوبی امریکی ملک میں اب تک کووڈ۔19 کے مہلک مرض سے چھ سو افراد ہلاک اور اکیس ہزار متاثر ہوئے ہیں۔ ملک میں 16 مارچ سے 10 مئی تک ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ ہے۔