حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کی حکومت کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس اور دیگر میڈیکل اسٹاف کی رہائش کیلئے ہوٹلس کے رومس کراے پر حاصل کرنے پر غور کررہی ہے ۔ آئی اے ایس آفیسرس کی تین رکنی کمیٹی اس مسئلہ کا جائزہ لے رہی ہے اور کمیٹی ایک دو روز میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی ۔ دہلی اور بعض دوسری ریاستوں میں کورونا وائرس مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے میڈیکل اسٹاف کو ہوٹلوں کے رومس میں رکھا گیا ہے ۔ میڈیکل اسٹاف کے ڈیوٹی سے گھر واپس ہونے پر گھر والوں کے مرض سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔