مرکز کی منظوری ،وزیر صحت ای راجندر کا بیان
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے مرکز نے پلازما تھراپی کی اجازت دے دی ہے۔ کووڈ۔19 کے ایسے مریض جو تشویشناک حالت میں ہیں، ان کا علاج پیر سے پلازما تھراپی کے ذریعہ شروع کیا جائے گا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ پلازما تھراپی کی اجازت کے سلسلے میں انہوں نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے ویڈیو کانفرنس کے دوران نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پی پی ای کے کٹس اور N-95 ماسک تیار کرنے والی کمپنیوں سے ربط قائم کرتے ہوئے ایک لاکھ کی تعداد میں تیاری کا مشورہ دیا تاکہ ریاست کی ضرورتوں کی تکمیل ہو۔ مرکزی حکومت ہر بار صرف چند ہزار کٹس اور ماسک سربراہ کررہی ہے۔ وزیر صحت نے تنفس کے امراض کا شکار مریضوں کے علاج سے بعض خانگی ہاسپٹل کے انکار پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہاسپٹل کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ مریضوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرے۔