ظہیرآباد میں ٹی پی سی سی قائد وائی نروتم کی پریس کانفرنس
ظہیرآباد : ٹی پی سی سی لیڈر وائی نروتم نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا مریضوں کا آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کرانے کی سہولت دینے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور کہاکہ عام آدمی، کارپوریٹ ہاسپٹلوں میں لاکھوں روپے کے عوض علاج و معالجہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہاکہ برسر اقتدار حکمراں پارٹی کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے جارہے اقدامات سے عام آدمی پریشان ہے اور وہ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ برتی جارہی لاپرواہی سے نالاں ہے۔ انھوں نے سوال کیاکہ ریاست کا کوئی وزیر یا کوئی رکن اسمبلی کورونا سے متاثر ہوتا ہے تو اس کا علاج گاندھی ہاسپٹل میں کیوں نہیں کیا جاتا۔ اُنھوں نے ریاستی وزیر صحت کے اس بیان پر کہ گاندھی ہاسپٹل میں 3000 کورونا ٹسٹ کی گنجائش ہے، تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اس نشانہ تک تاحال نہیں پہنچ سکی۔ اس کے برخلاف صرف 600 ٹسٹس انجام دیئے جارہے ہیں۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت کورونا مریضوں کو ان کی قسمت کے سہارے چھوڑ دیا ہے۔ اس موقع پر کوہیر منڈل کے رکن ضلع پرجا پریشد جی رام داس، سابق صدر کوہیر منڈل پرجا پریشد محمد شوکت علی، صدر ایم پی ٹی سی فورم ملنا پٹیل، رکن اسمبلی منڈل پرجا پریشد سمیع، جی رتنم، محمد ملتانی پٹیل، سی جئے پال، داس اور دوسرے پریس کانفرنس کے موقع پر موجود تھے۔
