کورونا مریضوں کیلئے گاندھی بھون میں کنٹرول روم کا قیام

   

ہنمنت راؤ کا اتم کمار ریڈی کو مکتوب، رعایتی شرحوں پر علاج کیلئے سفارش
حیدرآباد۔سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا مریضوں کے موثر علاج کو یقینی بنانے کیلئے گاندھی بھون میں کنٹرول روم کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کو رعایتی شرحوں پر علاج کے سلسلہ میں گاندھی بھون سے کارپورٹ ہاسپٹلس کو سفارش کی جاسکتی ہے جس کے نتیجہ میں ہاسپٹلس پر اخلاقی دباؤ بنے گا اور وہ زائد رقومات وصول کرنے سے بچ جائیں گے۔ کنٹرول روم کے قیام سے نہ صرف عوام بلکہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ جس طرح لاک ڈاؤن کے دوران مائیگرنٹ ورکرس کو ان کے آبائی مقامات منتقل کرنے کیلئے کنٹرول روم کے ذریعہ بسوں کا انتظام کیا گیا اسی طرز پر کورونا کے مریضوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ اڈیشہ ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کے مائیگرنٹ ورکرس کو کانگریس کی جانب سے روانگی کا انتظام کیا گیا تھا۔ تلنگانہ میں کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد موثر علاج سے محروم ہیں۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے کانگریس پارٹی کے ورکرس علاج کے سلسلہ میں جب شہر کے خانگی ہاسپٹلس سے رجوع ہورہے ہیں تو ان سے بھاری رقم کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مثال پیش کی کہ عادل آباد کے ورکر کو کورونا ٹسٹ کے بغیر ہی شہر کے ایک ہاسپٹل نے کورونا کا علاج شروع کردیا تاکہ بھاری رقم وصول کی جائے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گاندھی بھون میں کنٹرول روم کے قیام کے ذریعہ اضلاع سے آنے والے غریب عوام اور کانگریس کارکنوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ مریض کنٹرول روم سے رجوع ہوں تو پارٹی کی جانب سے متعلقہ ہاسپٹل کوموثر علاج کی سفارش کی جائے گی۔