کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ‘879 نئے کیس

,

   

652 مریضوں کا گریٹر حیدرآباد سے تعلق ۔ تین اموات کے ساتھ جملہ مہلوکین کی تعداد 202 ہوگئی

حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج ایک دن میں ریاست بھر میں مزید 879 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بھی ان کیسوں میں بے تحاشہ اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج ایک دن میں شہری حدود میں 652 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ آج ایک دن میں تین اموات کی بھی اطلاع ہے جس کے نتیجہ میں اب تک ریاست میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 220 تک جا پہونچی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج 3,006 کورونا معائنے کئے گئے ہیں جن میں 2127 کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ 879 کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے ۔ اس طرح ریاست میں اب تک جملہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 9,553 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 219 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جس کے نتیجہ میںا ب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4,224 ہوگئی ہے ۔ ریاست کے مختلف دواخانوںمیںا ب بھی 5,109 مریض زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج پازیٹیو رپورٹ ہونے والے 879 کیسوں میں گریٹر حیدرآباد سے 652 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر میڑچل ضلع رہا ہے جہاں سے 112 کیس رپورٹ ہوئے ۔ رنگا ریڈی سے 64 کیس رپورٹ کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ کاماریڈی سے 10 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جنگاوں سے سات اور ورنگل اربن سے 9 کیس سامنے آئے ہیں۔ سنگاریڈی اور محبوب آباد سے دو دو اور میدک سے ایک کیس کے علاوہ ناگرکرنول سے چار کیس رپورٹ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست میں اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں گذشتہ تقریبا ایک ہفتے سے ہر روز کورونا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ ہر روز سابق سے زیادہ کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ حکومت نے اپنے بلیٹن میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اور خود کو اور اپنے افراد خاندان کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔