نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس کے مریضوں کی ہندوستان میں تعداد 137 تک جا پہونچی ہے جبکہ ممبئی میں ایک 64 سالہ شخص کے اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے کی اطلاع ہے ا س طرح اس وائرس کے نتیجہ میں اب تک ہندوستان میں تیسری موت کی توثیق ہوچکی ہے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 137 معاملوں کی تصدیق کی ہے ۔ اس وائرس سے تا حال 3 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔وزارت نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ‘‘ملک میں کورونا سے متاثر 137 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے ، جن میں سے 103 ہندوستانی اور 22 غیر ملکی شہری ہیں’’۔ 13 متاثرین کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ وزارت نے بتایا کہ ابھی تک سب سے زیادہ 39 معاملے مہاراشٹر میں سامنے آئے ہیں اور اس کے بعد کیرلا میں 24، ہریانہ میں 14، اترپردیش میں 13، کرناٹک میں آٹھ، دلی میں سات، راجستھان، تلنگانہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں چار چار ،اور اتراکھنڈ میں ایک معاملہ روشنی میں آیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق پرکاش مودی کو ممبئی کے کستوربا اسپتال میں 5 مارچ کو شریک کیا گیا تھا۔ خون کے نمونوں کی تشخیص کے بعد کرونا مثبت پایا گیا تھا اس کے دیگر اہل خانہ بھی اس بیماری مبتلا ہیں اور فی الوقت خانگی اسپتال میں داخل کیاگیا ہے ۔وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ بزرگ شہری کا آج صبح 7 بجے انتقال ہو گیا ہے اور یہ اس بیماری کی وجہ سے ہونے والی ریاست کی پہلی موت ہے ۔