کورونا علاج پر حکومت کی سرد مہری، مریضوں کی مدد کیلئے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اتم کمار ریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت کورونا سے ہورہی سینکڑوں اموات پر سردمہری کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اور حکومت کو عوام کی زندگی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اتم کمار ریڈی نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر عوام میں ماسک، ادویات اور اجناس کی تقسیم کے سلسلہ میں ضلع کانگریس کمیٹیوں اور اضلاع کے مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ زوم ایپ پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے جبکہ عوام مصیبت کی اس گھڑی میں علاج کیلئے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں بستروں کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں میں بیڈس کے علاوہ آکسیجن، ادویات اور ٹیکہ اندازی میں حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ مریضوں کو دواخانہ منتقل کرنے کیلئے ایمبولنس کا انتظام تک نہیں ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں سرکاری سطح پر اس طرح کی لاپرواہی نہیں دیکھی گئی۔ دیگر ریاستوں میں کورونا کا مفت علاج کیا جارہا ہے لیکن تلنگانہ حکومت اس کیلئے تیار نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں 3 ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ آروگیہ سری کے تحت کورونا کو شامل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی لیکن آج تک حکومت نے فیصلہ نہیں کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں فارما انڈسٹری کو ترقی دی گئی اور حیدرآباد میں کئی جان بچانے والی ادویات کو تیار کرتے ہوئے دنیا بھر میں برآمد کیا گیا۔ کوویکسین حیدرآباد میں تیار کی گئی ہے لیکن تیار کرنے والی کمپنی تلنگانہ کے عوام کو ویکسین کی سربراہی کے موقف میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بائیو ٹیک کوویکسین تیار کرتی ہے جبکہ ہیتھرو ڈرگس نے ریمیڈیسیور انجکشن تیار کیا ہے یہ دونوں عوام کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 30 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی نے کورونا کے مریضوں کیلئے ریلیف کے کاموں کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا مریضوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کو مفت ادویات کی تقسیم کے علاوہ غریبوں میں اجناس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی بھون کی جانب سے 2 ایمبولنس گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جو آج سے اپنی خدمات کیلئے تیار ہیں۔ گاندھی بھون میں کنٹرول روم اور ہیلپ لائن سنٹر قائم کیا گیا۔