ایس آئی او کی قابل قدر مساعی،153 ڈاکٹرس اور 1000 والینٹرس متحرک
حیدرآباد۔ ملک میں کورونا کے مریض آکسیجن، بیڈس اور دیگر طبی سہولتوں کی تلاش میں سرکاری اور خانگی دواخانوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ ان حالات میں پریشان حال افراد کی ممکنہ مدد کیلئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( ایس آئی او ) نے قومی سطح پر کوویڈ ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ کوویڈ ریلیف ٹاسک فورس کے نام سے تلنگانہ میں ایک ہزار سے زائد متحرک ہیں جو 24 گھنٹے کورونا مریضوںکو آکسیجن، بیڈس، پلازما ، ادویات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی میں مدد کررہے ہیں۔ ملک بھر میں ایس آئی او کوویڈ مریضوں کی خدمات میں مصروف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے ہفتہ میں والینٹرس نے 3000 سے زیادہ مریضوں کی مدد کی ہے۔ ان مریضوں کے رشتہ داروں نے ربط قائم کرتے ہوئے ڈاکٹرس بیڈس اور ادویات کے سلسلہ میں آن لائن رہنمائی حاصل کی۔ ڈاکٹرس کے ذریعہ بھی آن لائن کونسلنگ کی جارہی ہے۔ ایس آئی او کی ٹاسک فورس کے تحت 153 ڈاکٹرس کی ٹیم متحرک ہے۔ ہیلپ لائن نمبر اور والینٹرس 24 گھنٹے متحرک ہیں اور کئی مریضوں کو جو ادویات کے حصول میں ناکام تھے انہیں ایس آئی او کے والینٹرس نے ادویات کا انتظام کرایا۔ حیدرآباد میں واقع ایس آئی او کے ریاستی دفتر پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض نے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں کو ریلیف کے کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر نے ملک کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ رضاکارانہ خدمات انجام دینے کیلئے ایک ہزار نوجوانوں نے ڈیسک اور فیلڈ ورک کیلئے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں۔ ہیلپ لائن نمبر 7303373374 سے ربط قائم کیاجاسکتا ہے۔ایس آئی او کی جانب سے ریلیف کے کاموں کے علاوہ کورونا کے بارے میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی۔ نظام آباد، حیدرآباد اور عادل آباد میں کارنر میٹنگس کے ذریعہ کورونا سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور ماسک کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی۔