مفت علاج کی سہولت کا مطالبہ، خانگی دواخانوں پر نظر رکھی جائے
حیدرآباد۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی اور سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں میں کمی کے خلاف بطور احتجاج ایک گھنٹہ تک خاموش احتجاج منظم کیا۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے آفس میں آج صبح 8 تا 9 بجے تک کودنڈا رام نے خاموش رہتے ہوئے حکومت سے اپنا احتجاج درج کرایا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر عام آدمی کئی مشکلات و مصائب سے دوچار ہے۔ غریب عوام علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں علاج کی کمی اور خانگی دواخانوں میں من مانی چارجس وصول کئے جارہے ہیں۔ حکومت دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ پر روک لگانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے غریب عوام کو کورونا کا مفت علاج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ہر شخص کو کورونا ویکسین دیئے جانے کا وعدہ پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوںمیں حکومت کو آئسولیشن سنٹرس قائم کرنے چاہیئے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوویکسین کے حصول میں جنگی خطوط پر اقدامات کرنے چاہیئے تاکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے تلنگانہ کے ہر شہری کو ویکسین کی خوراک دی جائے۔ انہوں نے کورونا سے فوت افراد کے خاندانوں کی مدد کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ روکنے اعلیٰ عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو 24 گھنٹے صرف اسی کام پر مامور رہے۔