کورونا مریضوں کے علاج کیلئے شاداںکے تین میڈیکل کالجس کی پیشکش

   

Ferty9 Clinic

ہر کالج میں 50 بستر مختص، ڈاکٹر صارب رسول خاں کا بیان
حیدرآباد: شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ٹیچنگ ہاسپٹل ریسرچ سنٹر نے کورونا مریضوں کے علاج کی سہولتوں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کے رجسٹرار ڈاکٹر کے پراوین کمار نے شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ، ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج اور ایان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس ڈاکٹر بی کروناکر ریڈی کی ہدایت پر شاداں میڈیکل اداروں میں موجودہ کورونا بحران کے دوران عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کیلئے اپنی خدمات کا پیش کیا ہے۔ تینوں اداروں نے سب سے پہلے اپنی خدمات پیش کیں جبکہ دیگر خانگی میڈیکل کالجس کی جانب سے علاج کے سلسلہ میں اعلان باقی ہے۔ تینوں میڈیکل کالجس میں فی کس 50 بستروں کے ساتھ جملہ 150 بستر کورونا مریضوں کے علاج کے لئے فراہم کئے جائیں گے ۔ 30 آئیسولیشن بیڈ اور 20 علاج کے بیڈ وینٹی لیٹر کی سہولت کے ساتھ ماہر ڈاکٹروں اور سپورٹنگ اسٹاف کی نگرانی میں رہیں گے۔ مینجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد صارب رسول خاں نے تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر صحت ای راجندر سے اظہار تشکر کیا جو عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ صارب رسول خاں نے وائس چانسلر اور رجسٹرار یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس سے بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے موجودہ بحران سے نمٹنے میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ کورونا کے کیسیس میں اضافہ اور سرکاری ہاسپٹلس میں بستروں کے پُر ہوجانے پر حکومت نے خانگی میڈیکل کالجس اور ٹیچنگ ہاسپٹلس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مریضوں کے داخلہ اورعلاج کے سلسلہ میں حکومت کی ہدایات اورگائیڈ لائینس کا انتظار ہے۔ ڈاکٹر صارب رسول خاں نے ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ مریضوں کے لئے عصری آلات سے لیس 40 بستر تیار کئے ہیں جو آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی سہولت سے آراستہ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر این ستیہ نارائنا کی قیادت میں کریٹیکل کیر ماہرین کی ٹیم علاج کے انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ ہاسپٹل کے تمام شعبہ جات کو مریضوں کے علاج کے لئے مختص کیا گیا ہے۔