کورونا مریضوں کے علاج کیلئے پلازما کا عطیہ دینے کی اپیل

   

55 سال سے کم عمر کے صحت یاب افراد کو ترجیح، ڈونرس اسوسی ایشن کا بیان
حیدرآباد: تلنگانہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کے صدر جی نارائن ریڈی نے عوام سے ا پیل کی ہے کہ وہ کورونا مریضوں کے بہتر علاج اور ان کی صحت یابی کے لئے پلازما کا عطیہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا میں پازیٹیو پائے جانے والے کی تعداد میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اضافہ ہوا ہے ۔ دواخانوں میں کورونا کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ پلازما تھراپی کے ذریعہ کورونا کے مریضوں کا بہتر علاج کیا جاسکتا ہے۔ کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریض پلازما کا عطیہ دے کر دیگر مریضوںکی جان بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 45 تا 55 دن قبل کورونا کا شکار ہونے والے افراد جن کی عمر 55 سال سے کم ہے ، وہ پلازما کا عطیہ دیں تو موجودہ مریضوں کی صحت یابی میں مدد ملے گی ۔ تلنگانہ پلازما ڈونرس اسوی ایشن گزشتہ سال جولائی میں قائم کی گئی تھی ۔ گزشتہ 9 ماہ میں 4000 سے زائد مریضوں کی مدد کی گئی ہے ۔ پلازما ڈونرس اپنے نام اسوسی ایشن کے ویب سائیٹ پر درج کراسکتے ہیں۔