ماسک کا لزوم ۔ بخار ، کھانسی ، سردی ہونے پر گھرمیں عبادت کا مشورہ
حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد میں کورونا کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ ماہ صیام کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی تحدیدات عائد نہیں کئے گئے اور نہ ہی کوئی رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ مگر حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے مختلف مساجد کی کمیٹیوں نے اپنی طرف سے احتیاطی تدابیر اختیار کیا ہے اور کورونا سے کی جانے والی لڑائی میں اپنا بھر پور تعاون پیش کیا ہے ۔ مختلف مساجد کمیٹیوں کی جانب سے ماہ صیام میں عبادتوں کے لیے مساجد پہونچنے والے مصلیوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ کورونا وبا کے پیش نظر اپنی طرف سے احتیاطی اقدامات کریں ۔ کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ نماز پڑھنے کے لیے مساجد پہونچنے والے لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں ۔ نماز کے دوران سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں ۔ خاص طور پر بخار ، سردی اور کھانسی کا شکار رہنے والے مصلی مساجد میں نماز پڑھنے کے بجائے گھروں میں نماز پڑھنے کو ترجیح دیں ۔ شہر کے کئی مساجد کے پاس سنیٹائیزرس کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ۔