الور، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں ضلع الور کے سرکاری راجیو گاندھی جنرل اسپتال اور سرکاری خواتین اسپتال میں بیرون ملک گھوم آئے ڈاکٹر جوڑے نے پروٹو کال توڑ کر آپریشن کر دیے ، بعد میں ان کا نام کورونا وائرس مشتبہ کی فہرست میں آنے سے ہلچل مچ گئی ۔ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر سنیل چوہان نے آج بتایا کہ مذکورہ ڈاکٹر جوڑا ذاتی کام کا حوالہ دے کر رواں دو مارچ سے 12 مارچ تک چھٹی پر رہا ۔ اس دوران وہ بغیر اجازت کے بیرون ملک چلے گئے ۔ اسی دوران کورونا وائرس کے سبب احتیاط کے طور پر محکمہ صحت نے تمام طبی اہلکاروں کی چھٹی منسوخ کر دی تھی، لیکن اس کی اطلاع بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر جوڑے کو نہیں مل پائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ماہر ا مراض نسواں ڈاکٹر خواتین سپتال میں 12 مارچ کو ڈیوٹی پر آئی اور ڈلیوری کرائی نیز آپریشن بھی کئے ۔ دوسری طرف ان کے شوہر ماہر امراض چشم ڈاکٹر نے اسپتال میں موتیابند کا آپریشن کیا ۔ڈا[؟] کٹر چوہان نے بتایا کہ 13 مارچ کو بیرون ملک سے واپس آئے مذکورہ ڈاکٹر جوڑے کے کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی فہرست میں نام آنے کی اسپتال انتظامیہ کو اطلاع ملی تو طبی شعبہ میں کھلبلی مچ گئی ۔ اس کے بعد انہیں ہوم ائیسولیشن کر دیا گیا ۔ ڈاکٹر جوڑے کو بغیر اطلاع کے بیرون ملک سفر کرنے ، واپس ڈیوٹی جوائن کرنے اور حقائق کو چھپانے کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع دیے بغیر ڈاکٹر بیرون ملک گھوم کر آئے اور اسپتال میں ڈیوٹی جوائن کرکے آپریشن کئے ۔ اب پورے عملے اور مریضوں کی اسکریننگ کے لئے دو ٹیمیں قائم کی گئی ہی ۔ اعلیٰ حکام کو ڈاکٹر جوڑے کی رپورٹ بھیج دی گئی ہے ۔