کورونا معاملوں میں اضافہ ، تامل ناڈو میں چوکسی

   

چینائی: ریاست میں کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش کے بعد تمل ناڈو کے محکمہ صحت نے پھیلتے ہوئے وائرس کو روکنے کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔تازہ انفیکشن کی تعداد بڑھکر 13 ہوگئی، جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار سے تقریباً دگنی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ہیلتھ، تمل ناڈو کے مطابق چینائی میں تین اورکوئمبٹور میں دو افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، چنگلپٹو، سیلم، نیلگیرس، تھوتھکوڈی، ترونیل ویلی اور ویلور میں ایک ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ متحدہ عرب امارات اور سنگاپور سے چینائی پہنچنے والے دو افراد کا بھی ٹسٹ مثبت آیا۔ ریاستی محکمہ صحت عامہ نے ضلعی صحت افسران کو اپنی چوکسی سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تاہم منگل کو 16 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہوئے اور فی الحال 89 زیر علاج ہیں۔ کووڈ-19 کی وجہ سے ریاست میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریاستی وزیر صحت، ما سبرامنیم نے کہا کہپریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں محتاط رہنا چاہئے۔