کورونا موت پر ریاستوں سے 50 ہزار روپئے کا معاوضہ

   

معاملہ کی یکسوئی دستاویزات داخل کرنے کے اندرون 30 یوم کرنا ہوگا: مرکز

نئی دہلی : کورونا سے فوت ہونے والوں کے لواحقین کو ریاستی حکومتوں سے 50 ہزار روپئے بطور ایکس گریشیاء حاصل ہوں گے۔ مرکز نے آج سپریم کورٹ کو یہ اطلاع دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ یہ معاوضہ نہ صرف اب تک پیش آئی اموات کیلئے قابل اطلاق ہوگا بلکہ مستقبل میں اس طرح کی اموات پر بھی یہ ادا کیا جائے گا۔ ریاستی حکومتیں یہ ادائیگی اپنے متعلقہ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈس سے کریں گے۔ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی یا ضلع انتظامیہ کے ذریعہ مکمل کی جائے گی۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں پیش کردہ حلف نامہ میں کہا کہ تمام ادعا جات کی یکسوئی درکار دستاویزات داخل کرنے کے 30 یوم کے اندرون کردی جائے گی۔ رقم کی منتقلی آدھار سے مربوط راست منتقلی طریقہ کار کے ذریعہ ہوگی۔
نئے کوروناکیسوں میں 25.3 فیصد اضافہ
دریں اثناء گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 26,964 نئے کیس درج ہوئے اور 383 افراد فوت ہوئے۔ صحت یابی کی شرح97.77 فیصد ہے ، جو مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں 75,57,529 ویکسین لگائے گئے جومجموعی طور پر 82,65,15,754 ویکسین ہوگئے ۔