کورونا میٹنگ میں معیشت میں مثبت آثار کا تذکرہ

,

   

معیشت کی بھرپور بحالی کیلئے کورونا انفیکشن کو روکنا ضروری ۔ وزیراعظم مودی کی چیف منسٹروں کیساتھ ای میٹنگ
نئی دہلی 16جون (سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا ہے کہ جتنی ہم اس میں کامیابی حاصل کریں گے اتنی ہی زیادہ ہماری معیشت کھلے گی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں نفاذ لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلے میں دی گئی رعایتوں اور چھوٹ کے بعد لوگوں کے کام کے لئے گھروں سے باہر آنے کے ساتھ ہی پورے ملک میں انفیکشن کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہونے کے دوران اکیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے بات چیت کے پہلے مرحلے میں مسٹر مودی نے یہ بات کہی۔کورونا وبا کے بعدمسٹر مودی کی وزرائے اعلی کے ساتھ یہ چھٹی میٹنگ ہے ۔ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے انہوں نے وزرائے اعلی کے سامنے اپنی بات پیش کی اور صورت حال سے نمٹنے اور معیشت کوآگے لے جانے کے لئے مشورے طلب کئے۔وزیراعظم نے کہا کہ اب ملک کھل چکا ہے اور لوگوں کی محنت سے ہی زندگی پٹری پر لوٹ رہی ہے لیکن ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ تھوڑی سے غفلت ہمارے گزشتہ دو تین مہینوں کے محنت پر پانی پھیر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان لاک ون کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ اگر ہم قواعد وضوابط کی پیروی کریں گے تاکہ کورونا بحران سے کم سے کم نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چہرے پر ماسک اوردو گز کی دوری کے اصول کا سختی سے پالن کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو ہمیشہ دھیان رکھنا ہے کہ ہم کورونا پر قابو پائیں گے ، اس کا بڑھنا روک پائیں گے ، اتنا ہی ہماری معیشت کھلے گے ، ہمارے دفتر کھلیں گے ، مارکیٹ کھلیں گے ، ٹرانسپورٹ کے وسائل کھلیں گے اور اتنے ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔