نئی دہلی،16 جون(سیاست ڈاٹ کام)مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی -ایم)نے کورونا کے دور میں لوگوں کی دن بدن خراب ہوتی حالت کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظارہے کئے ہیں۔دارالحکومت میں سی پی ایم نے گول مارکٹ کے پاس پارٹی دفتر کے سامنے بارہ بجے یہ احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔اس مظاہرے میں پارٹی کے کارکنان نے ماسک لگاکر اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے حصہ لیا۔کارکنان نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور تختیاں لے رکھی تھیں اور وہ نعرے بھی لگا رہے تھے ۔سی پی ایم جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری کی قیادت میں ہوئے اس مظاہرے میں پارٹی کے کارکنان نے کافی دیر تک اپنا غصہ ظاہر کیا۔مسٹر یچوری نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے بغیر سوچے سمجھے اور عوام کو وقت دئے بغیر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے یہ وبا اور پھیل گئی کیونکہ حکومت نے اس کے لئے پہلے سے کوئی انتظام نہیں کئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے غریب اور محروم لوگوں،کسانوں – مزدوروں کا بغیر خیال کئے یہ لاک ڈاؤن لگا دیا جس سے ان کے لئے ذریعہ معاش کا بحران پیدا ہوگیا اور ملک میں 15 کروڑ لوگ بے روزگار ہوگئے ۔