کووڈکی صورتحال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد کریں گے
نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی نے آج جمعرات کو فیصلہ کیا کہ وہ جمعہ کو بنگال نہیں جائیں گے جہاں جاریہ ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے انہیں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کووڈصورتحال کا جائزہ لینے اور ضروری اجلاس منعقد کرنے وہ اپنا دورہ بنگال منسوخ کررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی آج اپنی انتخابی مہم مختصر کردی اور بنگال میں اپنے تین میں سے دو جلسے منسوخ کرتے ہوئے دہلی واپسی کی تاکہ کووڈ میٹنگ میں شرکت کرسکیں ۔ بی جے پی کے مطابق اس کے تمام سرکردہ قائدین نے بھی اپنی بقیہ انتخابی مہم منسوخ کردی ہے ۔ وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ کل جمعہ کو وہ کووڈ۔19 کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔