کورونا وائرس، آئندہ دو ہفتہ میں بے تحاشہ اضافہ کے خدشات

   

وائرس کو روکنے محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو مختلف سفارشات، بہتر علاج کو یقینی بنانے کے انتظامات کی کوشش

حیدرآباد۔16 جنوری(سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے ریاستی حکومت کو آئندہ دو ہفتوں کے دورا ن کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے خدشات کے متعلق رپورٹ روانہ کرتے ہوئے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے متعلق سفارشات کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ اب جبکہ تلسنکرانت کا تہوار ختم ہوا ہے اس کے 10یوم میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ شہریوں کی بڑی تعدادنے گذشتہ 5 یوم کے دوران سفر کیا ہے اور تہوار کے موقع پر ایک دوسرے سے ملاقاتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ کئی مقامات پر گہما گہمی کی صورتحال بھی دیکھی گئی ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ گذشتہ 15یوم میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے علاوہ آئندہ 4ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے خدشات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ ریاستی حکومت کو روانہ کردی گئی ہے جس میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے سلسلہ میں مختلف سفارشات کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے 17جنوری کو منعقد ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدادمیں ہونے والے اضافہ کے ساتھ مرض کی صورتحال اور دواخانہ میں شریک کئے جانے کی ضرورت پڑنے کے متعلق بھی تفصیلی آگہی حاصل کی جا رہی ہے اور اس بات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام سرکاری دواخانوں میں بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل‘ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس‘ چیسٹ ہاسپٹل‘ کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے علاوہ دیگر دواخانو ںمیں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی سہولتوں کی فراہمی کے امور کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے علحدہ وارڈس بنائے جانے کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے ۔ حکومت تلنگانہ کی ہدایت کے مطابق سرکاری دواخانوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریاست تلنگانہ کے خانگی اور کارپوریٹ دواخانو ںمیں شریک ہونے والے مریضوں کی صورتحال کے علاوہ خانگی دواخانوں اور کارپوریٹ دواخانوں کے بلس کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ کے خدشات کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے سخت تحدیدات عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور ریاست میں جاری فیور سروے کی تفصیلات بھی حکومت کو روانہ کی گئی رپورٹ میں شامل کی جاچکی ہیں۔تلسنکرانت تہوار میں اپنے آبائی مواضعات کو روانہ ہونے اور واپس ہونے والوں کی جانچ کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ تعطیلات کے فوری بعد یعنی شہریوں کی واپسی کے ساتھ ہی مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں ان کے معائنوں کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے متاثرین کی تعداد میں ماہ فروری کے دوسرے ہفتہ تک زبردست اضافہ کا خدشہ ہے اور ان حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ان کے بہتر علاج و معالجہ کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔م