مغربی بنگال اور اتراکھنڈ میں ٹیمیں تعینات، ایمس میں وارڈ قائم
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال کے بعض مقامات پر کورونا وائرس سے بعض افراد کے متاثر ہونے کی توثیق کے بعد مرکز نے پڑوسی ملک کی سرحد سے متصلہ اضلاع میں طبی چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے پیر کو کہاکہ نیپال سے متصلہ مغربی بنگال کے علاقہ پانی ملانکی کے علاوہ اتراکھنڈ کے پتور گڑھ میں جو جول جیبی اور جھولا گھاٹ میں طبی ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے پیر کو ٹوئیٹ کیاکہ ’نیپال میں کورونا وائرس کے کیس کی توثیق کے بعد نیپال سے مغربی بنگال پہونچنے والے داخلہ کے مرکزی مقام پانی ٹانکی پر طبی چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ہے‘۔ علاوہ ازیں اتراکھنڈ کے ضلع پتور گڑھ کے تحت نیپال سے متصلہ جول جیبی اور جھولا گھاٹ میں بھی طبی نگرانی کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اور رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں خصوصی وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ وباؤں پر کنٹرول کے قومی مرکز (این سی ڈی سی) سے وابستہ ماہرین نے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا ہاسپٹل پہونچ کر کورونا وائرس سے نمٹنے کئے گئے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا اور سب سے الگ تھلگ رکھنے کے لئے قائم کردہ خصوصی وارڈس کا معائنہ کیا۔ 26 جنوری کو 137 طیاروں سے پہونچنے والے 29,707 مسافرین کی اسکریننگ کی گئی۔ تاہم ہندوستان میں کورونا وائرس کے کسی مشتبہ متاثرہ فرد کی ہنوز شناخت نہیں ہوئی ہے۔