کورونا وائرس:آئی پی ایل کے منسوخ ہونے کے خدشات میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

مقبول ترین ایونٹ کو خالی میدانوں میں منعقد کروانے پر غور،14مارچ کو بورڈ کے اہم اجلاس میں فیصلہ متوقع

نئی دہلی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں مرکزی حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کسی بھی باہر سے آنے والے کو ہندوستانی سفارتخانہ ہندوستان کا ویزا نہیں دے گا۔ اس مہلک بیماری سے بچنے اور لڑنے کا یہ ضروری طریقہ ہے لیکن اس کی وجہ سے جہاں ملک کی سیاحت کی صنعت کو نقصان پہنچے گا وہیں ہوٹل انڈسٹری بری طرح متاثر ہوگی۔ حکومت کے اس فیصلہ کے بعد یہ بھی طے لگ رہا ہے کہ اس سال کرکٹ کا معروف ٹورنمنٹ آئی پی ایل بھی نہیں ہو پائے گا کیونکہ بیرون ملک سے آنے والے کھلاڑی اب ہندوستان نہیں آ پائیں گے اس ضمن میں 14 مارچ کو ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے آئی پی ایل میں کرکٹ دنیا کے کئی ممالک کے بڑے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ حکومت نے جویہ فیصلہ لیا ہے اس پر کل سے یعنی13 مارچ سے ہی عمل شروع ہو جائے گا۔ ابھی بی سی سی آئی کو اس پر فیصلہ لینا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے ساتھ کیا کر سکتا ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیر صحت نے اشارہ دیا تھا کہ اس سال یا تو آئی پی ایل کی تاریخوں میں تبدیلی کی جائے گی یا پھر اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔ اس میں اگر کسی وجہ سے مقابلہ ہوا بھی توکورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے لوگ نہیں آئیں گے۔ واضح رہے یوروپ کے کئی ممالک میں وہاں کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے مقابلے یا تو منسوخ کر دیئے گئے ہیں یا پھر خالی میدانوںمیں یہ مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ ابھی یہ بھی طے نہیں ہے کہ 15 اپریل کے بعد ویزا پر لگی پابندی کو مزید بڑھایا جائے گا یا نہیں۔29 مارچ کو شروع ہونے والا کرکٹ کا آئی پی ایل مقابلہ کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ یا موخر ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل منسوخ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے آئی پی ایل کا پہلا میچ ممبئی انڈینس اور چنیائی سوپر کنگس کے بیچ ہونے والا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے کئی حصوں میں کھیلوں کے مقابلہ منسوخ یا ملتوی ہوچکے ہیں۔ بی سی سی آئی کے مطابق آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ 29 مارچ کو ہونا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک میں درج حرارت 25 ڈگری تک ہوگا جس میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ اس لئے ابھی یہ یقین سے تو نہیں کہا جا سکتا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والا آئی پی ایل منسوخ ہو سکتا ہے لیکن اگر اس کے پھیلنے زیادہ رہے تو پھر آئی پی ایل منسوخ ہو سکتا ہے۔ آئی پی ایل کی تاریخوں کو آگے بڑھانے کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ اس ٹورنمنٹ کی تاریخوں کو آگے بڑھانا بہت مشکل ہے کیونکہ کرکٹ کے انٹرنیشنل کیلنڈر کو روک کر ہی آئی پی ایل کی تاریخوں کو طے کیا جاتا ہے۔ اس لئے اس کی تاریخوں کو آگے پیچھے کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، بس اتنا ہو سکتا ہے کہ حالات بگڑنے پر اس کو منسوخ کیاجا سکتا ہے۔