متعدد ممالک کی عوام کا گھروں میں محروس رکھنے کو ترجیح ، ہندوستان میں سماجی رابط میں بد احتیاطی
حیدرآباد۔25مارچ(سیا ست نیوز) ہندوستان میں کورونا وائرس کے قہر سے اب بھی 73 فیصد عوام بے اعتنائی کا شکار بنے ہوئے ہیں اور صرف 27 فیصد عوام اس مسئلہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی تحدیدات کے باوجود مسئلہ کی سنگین نوعیت کو سمجھنے کے بجائے لاپروائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ اور تیز متاثر ہونے والی مملکت اٹلی میں 93 فیصد عوام نے خود کو گھروں کی حد تک محدود کرلیا ہے اور انہیں اس بات کا اندازہ اب ہوگیا ہے کہ کورونا وائرس کیا وباء ہے اور اس کے نقصانات کس طرح سے جان لیوا ثابت ہورہے ہیں۔ ترکی دنیا میں ایسی مملکت میں شمار کیا جانے والا ملک بن چکا ہے جہاں سب سے کم احتیاط کی جا رہی ہے اور ترکی میں صرف 11فیصد عوام کورونا وائرس ے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں۔ 22 ممالک میں کئے گئے سروے میں 22ہزار لوگوں نے حصہ لیا اور ان میں نکالے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیراختیار کرنے والوں کا فیصد 49 ہے جبکہ61فیصد آبادی اب بھی لاپرواہی کا شکار ہے۔ آسٹریائی شہری دنیا کی دوسری بڑی آبادی ہے جو کہ 90فیصد مکمل طور پر گھروں کی حد تک محدود کئے ہوئے ہے۔حکومتوں کی جانب سے عائدکردہ تحدیدات پر عمل کرنے والی مملکتوں میں ہندوستان کے 60 فیصد شہریوں کا ماننا ہے کہ مسئلہ سنگین ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے لیکن احتیاط کے معاملہ میں وہ خود لاپرواہ ہیں۔ اسی طرح پاکستان کے 62 فیصد عوام اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے لیکن مسئلہ پر قابو پانے کے معاملہ میں وہ اقدامات کا حصہ نہیں ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلنے پر 55فیصد امریکی شہریوں کو یقین ہے لیکن اس کے باوجود وہ اس معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ اٹلی کے 20 فیصد شہری اب بھی مانتے ہیں کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ 26فیصد برطانوی شہریوں کا ماننا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا نہیں جاسکتا لیکن احتیاط کے معاملہ میں وہ بھی ناکام تصور کئے جا رہے ہیں۔ 17 فیصد فرانسیسی شہریوں کا کہناہے کہ کورونا کا قہر ابھی جاری رہے گا ۔ ہندوستان میں 39فیصد شہریوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ ان کے افراد خاندان کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں لیکن احتیاط کے معاملہ میں ان کی کوتاہی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ سماجی فاصلہ پر ہندوستان میں بھی اس طرح سے عمل نہیں کیا جارہاہے جس طرح سے عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے سفارش کی گئی ہے۔
