کراچی۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے بعد پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق سندھ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ پاکستان سوپر لیگ سیزن 5 کے تیسرے مرحلے کا آغاز کراچی میں 12 مارچ کو شروع ہوگا جس کے تحت شہر میں پانچ میچز ہوں گے لیکن کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے دوران کورونا وائرس رپورٹ ہونے کے بعد ایونٹ کے باقی میچز کا شہر میں انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے باعث محکمہ صحت سندھ نے عوامی اجتماعات کے ایونٹ سے گریز کرنے کی تجویز دی ہے۔ترجمان پی سی بی نے کہا کہ سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور صوبائی حکومت جو فیصلہ کرے گی اسی پر عمل کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہی مقرر ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 9 معاملات سامنے آنے کے بعد صوبائی محکمہ صحت نے چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ کو پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) جیسے بڑے اجتماعات پر پابندی اور اسکولوں کی تعطیلات میں اضافے کی تجویز دے دی۔ 9 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 9 معاملات کراچی میں سامنے آئے تھے جس کے بعد صوبائی سطح پر تصدیق شدہ معاملات کی تعداد 13 اور پاکستان کی سطح پر تعداد 16 ہوگئی۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 800 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 62 ہزار 53 افراد اس وائرس سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں مکمل صحت یاب ہونے پر دواخانوں سے گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ چین میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں اور ہلاکتیں بھی سب سے زیادہ ہوئیں جس کے بعد جنوبی کوریا دوسرا ملک جہاں سب سے زیادہ متاثرین رپورٹ ہوئے۔ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں وائرس رپورٹ ہونے کے بعد اس سے بڑے بڑے ایونٹس متاثر ہوئے ہیں اور مزید کئی مقابلوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ کورونا کے سبب رواں سال جاپان میں مجوزہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد بھی خطرے میں نظر آرہا ہے جبکہ یوروکپ پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔