کورونا وائرس :آسٹریلیا کا 38 بلین ڈالرس کاپیاکیج

   

معاشی نقصانات سے ممکنہ حد تک بچانے کے اقدامات کا آغاز
سڈنی 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے آج کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے 38 بلین ڈالرس کے خصوصی منصوبہ کا اعلان کیا ہے اور اپنے شہریوں سے اندرون ملک بھی سفر ترک کرنے کو کہا ہے تاکہ اس وائرس کے پھیلنے کی رفتار کو سست کیا جاسکے ۔ آسٹریلیائی ٹریژرر جوش فرائڈن برگ نے کہا کہ آسٹریلیا جملہ 66 بلین آسٹریلیائی ڈالرس خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے اورسنٹرل بینک کی جانب سے آسٹریلیائی معیشت کو ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی ۔ انہوں نے کینبرا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی حالات ہیں اور غیرمعمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ ہمیں ایک عالمی چیلنج کا سامنا ہے جبکہ ایسی صورتحال ماضی میں کبھی پیش نہیں آئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس امدادی پیکج کے اعلان سے لاکھوں آسٹریلیائی شہریوں میں ایک امید کی کرن پیدا ہوگی ۔ ہم ان کی ضرورت کے موقع پر یہ اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباروں اور غیر منافع بخش تنظیموں کو راست نقدی حاصل ہوگی اور یہ ایک لاکھ ڈالرس تک کی ہوگی ۔ اس کے علاوہ بیروزگاری ادائیگیاں بھی دوگنی کی جائیں گی اور پنشنرس کو بھی نقد رقم فراہم کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اندیشے ہیں کہ معاشی مشکلات میں آئندہ وقتوں میں اضافہ ہوگا اسی لئے یہ اقدامات حکومت کی جانب سے کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ حد تک راحت فراہم کی جاسکے ۔